(ایجنسیز)
فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ نو ماہ سے جاری امن مذاکرات معطل ہونے کے دو ہفتے بعد فریقین نے ایک مرتبہ پھر بات چیت کا عمل شروع کیا ہے تاہم اب کی بار مذاکرات میں کوئی امریکی مندوب موجود نہیں تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق کل اتوار کی شام فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ مذاکرات کار صائب عریقات اور اسرائیلی وزیرانصاف زیپی لیونی نے مقبوضہ بیت المقدس میں ملاقات کی۔
عبرانی اخبار "یدیعوت احرونوت" کی ویب سائیٹ پر جاری رپورٹ میں کہا
گیا ہے کہ گذشتہ روز ہونے والی بات چیت میں فریقین نے امن مذاکرات کو ناکام ہونے سے بچانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ امن بات چیت کے سوا تنازعات کے حل کا کوئی راستہ نہیں ہے اور فریقین کو اس باب میں غیرمعمولی لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
مذاکراتی وفد میں اسحاق مولخو نے زیپی لیونی کی معاونت کی جب کہ فلسطینی اتھارٹی کے مذکرات کار صائب عریقات کے ہمراہ ماجد فرج موجود تھے۔ اس موقع پر امریکی امن ایلچی مارٹن انڈیک موجود نہیں تھے۔